خاتون سیاح پاکستان کے عوام کی میزبانی اور ایمانداری سے متاثر ہوگئیں۔
امیانہ نامی ایک خاتون سیاح نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے عطا آباد جھیل کے قریب دل کو چھو لینے والے ایک تجربے کے بارے میں بتایا۔
اُنہوں نے بتایا کہ آج صبح میں نے ہر جگہ تلاش کیا لیکن مجھے اپنا والٹ کہیں نہیں مل رہا تھا اور پھر مجھے یاد آیا کہ کل رات میں ایک ریسٹورنٹ گئی تھی جو اس علاقے میں ہمارے کاٹیج کے قریب ہے۔
خاتون سیاح نے مزید بتایا کہ میرے والیٹ میں تقریباً 250 یوروز تھے مجھے اب تک یقین نہیں ہو رہا ہے کہ ریسٹورنٹ کے عملے نے مجھے میرا والیٹ پوری رقم کے ساتھ واپس لوٹا دیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ پاکستانی لوگوں کی ایمانداری، ان کی مہمان نوازی، نرم مزاجی اور ان کا اپنی ساکھ کے بارے میں محتاط رہنا بےمثال ہے۔
امیانہ نے مزید بتایا کہ اگر میں کسی اور ملک میں ہوتی تو مجھے نہیں لگتا کہ میرا والیٹ واپس ملتا لیکن یہاں پاکستان میں طریقے کار بالکل مختلف ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ پاکستانی لوگوں کو میڈیا پر بہت منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے لیکن یہ سب سچ نہیں ہے آپ کو خود آ کر دیکھنا چاہیے کہ پاکستانی لوگ کتنے اچھے ہیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور اس پوسٹ کا کمنٹ سیکشن پاکستانی اور غیر ملکی صارفین کے جذباتی پیغامات سے بھر گیا۔