کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر علی کی ایک ماہ پرانی لاش ملنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی اداکارہ امر خان نے کہا کہ حمیرا کی کہانی کئی فنکاروں کی کہانی ہے، جو اس گلیمر کی دنیا میں لوگوں کے سامنے مسکراتے ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر امر خان نے حمیرا اصغر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی۔
انہوں نے انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ چونکانے سے زیادہ مایوس کن ہے، یہ معاشرے اور صنعت کی موت ہے۔ اب بھی مجھے ان کا شو یاد ہے کہ وہ کیسے زندگی کی سختیوں سے گزرتے ہوئے اور دباؤ برداشت کرتے ہوئے اپنا کیریئر بنا رہی تھی۔
اداکارہ نے انٹرٹنمنٹ انڈسٹری کے دباؤ کو اُجاگر کرتے ہوئے لکھا کہ حمیرا کی کہانی کئی فنکاروں کی کہانی ہے جو اس گلیمر کی دنیا میں کیمرے کے سامنے خوش دکھائی دیتے ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ یہ دن عارضی دنیاوی اہداف کی خود شناسی کا دن ہے، جہاں مسلسل آپ کو آپ کے لباس، کیریئر اور دولت کی بنیاد پر جج کیا جاتا ہے۔
امر خان نے لکھا کہ وہ تمام لڑکیاں جو اپنے کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں اور سخت محنت کر رہی ہیں، وہ اپنے آپ پر زیادہ دباؤ نہ ڈالیں، اپنا بہتر دیں، اپنے آپ پر زیادہ سختی نہ کریں اور باقی اللّٰہ پر چھوڑ دیں۔ کوئی بھی چیز آپ کی ذہنی صحت اور زندگی سے اہم نہیں ہے۔