بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ الیکٹریشن کی برسوں کی خواہش پوری ہوگئی اور وہ راتوں رات کروڑ پتی بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم محمد ناصر بلال کا 12 سال کا صبر اور مسلسل کوششیں بلآخر رنگ لے آئیں، انہوں نے 25 ملین درہم انعامی رقم جیت لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابوظہبی میں منعقدہ سیریز 276 بگ ٹکٹ لکی ڈرا میں 25 ملین درہم کا پہلا انعام بنگلادیشی الیکٹریشن نے جیت لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیشی الیکٹریشن کی قسمت 12 برس بعد ان پر مہربان ہوگئی، انہوں نے لاٹری میں 25 ملین درہم، یعنی تقریباً 1 ارب 93 کروڑ پاکستانی روپے کی خطیر رقم جیت لی۔
محمد ناصر بلال کا کہنا ہے کہ مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا میں نے اتنی بڑی رقم جیت لی ہے، میں اب تک کانپ رہا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں گزشتہ 14 سال سے یو اے ای میں مقیم ہوں اور 2012 سے ہر مہینے لاٹری ٹکٹ خرید رہا ہوں، میں نے 24 جون کو ابوظبی ایئر پورٹ سے ٹکٹ خریدا تھا، جس پر مجھے یہ انعامی رقم ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاٹری ٹکٹ خریدنے کا سلسلہ جاری رکھوں گا جبکہ انعامی رقم سے بنگلادیش میں اہلِ خانہ کے لیے گھر تعمیر کرواؤں گا۔