کراچی کے علاقے کلفٹن کے گھر سے 5 کروڑ روپے چرانے کے کیس میں گھریلو ملازمہ شہناز کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی۔
کراچی کی جوڈیشل عدالت میں درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ملزمہ ضمانت کی مستحق نہیں۔ اس کی حرکت سے گھریلو ملازمین پر اعتماد میں کمی آئی ہے۔
ملزمہ کے وکیل کا موقف تھا کہ ملزمہ کے خلاف کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔ ضمانت منظور کی جائے۔
اس سے قبل 3 جولائی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے شہناز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزمہ شہناز و دیگر کے خلاف پانچ کروڑ سے زائد کی چوری کا مقدمہ درج ہے، ملزمہ نے دوران تفتیش چوری کی رقم سے خریدی گئی 12 پراپرٹی، گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کی معلومات دی ہے۔
ملزمہ شہناز نے چوری کی رقم سے پنجاب میں بھی گھر خریدا ہے۔