آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ کے ڈارلنگ ڈاؤنس چڑیا گھر میں شیر کے حملے میں ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی، جس کے نتیجے میں ان کا بازو ضائع ہوگیا۔
متاثرہ خاتون کو شدید زخمی حالت میں برسبین کے پرنسز الیگزینڈرا اسپتال ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔
کوئنزلینڈ کے وزیر صحت ٹِم نکولس نے تصدیق کی کہ خاتون کا بازو ضائع ہو گیا ہے، تاہم وہ اسپتال میں بہتری کی طرف گامزن ہیں۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ متاثرہ خاتون خطرناک جانوروں سے متعلق حفاظتی اقدامات سے بخوبی واقف تھیں، وہ صبح 8:30 بجے کارنیور سیکشن (گوشت خور جانوروں کے احاطے) میں موجود تھیں اور عملے کی سرگرمیوں کو دیکھ رہی تھیں، کہ اچانک شیر نے خاتون کا بازو پکڑ کر اسے شدید نقصان پہنچایا، یہ وہی سرگرمی تھی جو یہ خاتون پچھلے 20 سال سے مسلسل انجام دیتی آ رہی تھیں۔
پولیس اور ورک پلیس ہیلتھ اینڈ سیفٹی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے۔