لاہور:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینئر رہنماؤں نے کوٹ لکھپت جیل لاہور سے ایک اور خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے میڈیا، عدلیہ اور پارلیمنٹ کو تباہ کردیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز احمد چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ نے مشترکہ خط میں کہا ہے کہ دو بڑی جماعتوں کے سربراہوں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے درمیان طے پانے والا معاہدہ میثاق جمہوریت انہی جماعتوں کے باعث ناکام ہو چکا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ میثاق جمہوریت آئین کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا تھا لیکن دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے میثاق جمہوریت کو تباہ کیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان کو مجموعی مسائل سے باہر نکالنے کے لیےآئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی نہایت ضروری ہے۔
سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے میڈیا پر پیکا، عدلیہ پر 26 ویں ترمیم اور پارلیمنٹ کو فارم 47 کے ذریعے تباہ کیا ہے، ملک میں عوام کو جمہوری حق کی مکمل پاس داری حاصل ہونی چاہیے۔