پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر حال ہی میں اپنے پروگرام میں اپنی والدہ کے انتقال پر بات کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور رو پڑیں۔
مارننگ شو میں ندا یاسر اپنی والدہ کی جدائی پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں، ان کے ساتھ پروگرام میں مہمانوں میں محسن عباس حیدر، میمونا قدوس اور زینب رضا شامل تھے۔
ندا نے بتایا کہ جب میری ماں کا انتقال ہوا، میں پاکستان میں نہیں تھی، بلکہ مالدیپ میں تھی وہ کووڈ کے دور میں اس دنیا سے چلی گئیں، جب میں واپس آئی تو ان کے وائس نوٹس سنتی تھی اور روتی رہتی تھی، یہ میرا روز کا معمول بن گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں گھر والوں سے چڑچڑی ہونے لگی تھی، شوہر اور بچوں سے ناروا سلوک کرنے لگی، پھر مجھے احساس ہوا کہ میں اپنے غم کو ان پر نکال رہی ہوں، میں نے خود سے بات کی اور فیصلہ کیا کہ اب ان وائس نوٹس کو نہیں سنوں گی، وہ آج بھی میرے پاس موجود ہیں، لیکن ہمت نہیں ہوتی کہ دوبارہ سن سکوں۔
پروگرام میں موجود دیگر مہمانوں نے بھی قریبی رشتوں کے بچھڑنے پر اپنی ذاتی کہانیاں شیئر کیں اور ندا یاسر کے دکھ میں شریک ہوئے۔