شوگر ڈیلرز کے چینی کی قیمت سے متعلق تمام وعدے اور ساری یقین دہانیاں دھری کی دھری رہ گئیں۔
کہتے ہیں غضب کیا تیرے وعدے پر اعتبار کیا، حکومت کو شوگر ڈیلرز نے پچھلے سال چینی مہنگی نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی اور چینی برآمد کی اجازت لے لی۔
شوگر ڈیلرز نے حکومت کو یقین دلایا تھا کہ چینی کی قیمتیں مستحکم رہیں گی اور اگلے سال چینی درآمد کرنے کی نوبت نہیں آئے گی۔
حکومت سے کیے گئے شوگر ڈیلرز کے تمام وعدے اور ساری یقین دہانیاں دھری کی دھری رہ گئیں، مارکیٹ میں چینی کم ہونے کی خبریں پھیلیں تو چینی مہنگی ہونے لگی۔
حکومت قیمت مستحکم کرنے کے نام پر چینی درآمد کرنے کی اجازت دینے پر مجبور ہوگئی۔
دسمبر 2024 میں جس چینی کا ایکس مل ریٹ 125 سے 130 روپے کلو تھا، آج وہ چینی ریٹیل میں 190 سے 200 روپے کلو تک جا پہنچی ہے۔
تازہ ترین خبر کے مطابق لاہور میں چینی 6 روپے اور کوئٹہ میں چینی 5 روپے کلو مہنگی ہوگئی، ایک کلو چینی لاہور اور کوئٹہ میں 190 روپے میں دستیاب ہے۔
کوئٹہ میں چینی ایک ماہ میں 10روپے کلو مہنگی ہوئی ہے، کراچی میں چینی کا ریٹ 200 روپے کلو تک جا پہنچا ہے۔