کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 26-2025ء سے چیمپئنز کپ کو ختم کر دیا ہے۔اس منصوبے کو انقلابی قرار دیا گیا تھا لیکن دو ٹورنامنٹ کے بعد یہ ختم ہوگیا۔ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں چیمپئنز کپ کو گزشتہ برس متعارف کروایا گیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کچھ عرصہ قبل مینٹورز اور چیمپئنز کپ کی ٹیموں کا جائزہ لینے کے بعد چیمپئنز کپ اور مینٹور کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ شعیب ملک نے مینٹور کے عہدے سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 26-2025ء سے چیمپئنز کپ کے لیے شعیب ملک، سرفراز احمد، وقار یونس، ثقلین مشتاق اور مصباح الحق کو بطور مینٹور 5 ٹیموں کی ذمے داری سپرد کی گئی تھی۔ وقار یونس اور ثقلین کو فارغ کردیا گیا ہے جبکہ سرفراز احمد اور مصباح الحق کو ایڈ جسٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔