پاکستان کی جواں سال لڑکیوں پر مشتمل نیٹ بال ٹیم نے ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ 2025ء کے فائنل میں مالدیپ کو شکست دے کر ایک شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔
یہ مقابلہ جنوبی کوریا میں منعقد ہوا۔
پاکستان کی اس گرلز نیٹ بال ٹیم کی باقاعدہ تقریبِ رونمائی گزشتہ سال پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ہوئی تھی، جس کی میزبانی پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کی تھی۔
اس تقریب کا انعقاد برطانیہ کی کوسموپولیٹن روزز نیٹ بال اکیڈمی کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
یہ بین الاقوامی کامیابی ناصرف پاکستان کی نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے، بلکہ یہ برطانیہ اور پاکستان کی کمیونٹیز کے درمیان تعاون، اعتماد اور کھیل کے فروغ کی ایک خوبصورت مثال بھی ہے۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ ہم دل کی گہرائیوں سے ان تمام کوچز، سرپرستوں، خاندانوں اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس خواب کو حقیقت بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لڑکیوں کی نیٹ بال کا مستقبل یقینی طور پر روشن دکھائی دیتا ہے۔