امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کے نئی سیاسی جماعت امریکا پارٹی بنانے کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا صرف دو جماعتی نظام کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بیان مورِسٹاؤن ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران دیا، وہ اپنے نجی گالف کلب کے دورے کے بعد واشنگٹن واپسی کے لیے ایئر فورس ون میں سوار ہو رہے تھے، ان کے ہمراہ امریکی سیکریٹری آف کامرس ہاورڈ لٹ نک بھی موجود تھے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ تیسری پارٹی بنانا مضحکہ خیز ہے، ہم ریپبلکن پارٹی کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کر رہے ہیں، ڈیموکریٹس اپنی سمت کھو چکے ہیں، لیکن امریکا ہمیشہ سے دو جماعتی نظام کے تحت ہی چلا ہے، تیسری پارٹی صرف انتشار پیدا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام ہی دو جماعتوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، تیسری پارٹیاں کبھی کامیاب نہیں ہوئیں، تو وہ (مسک) اس سے دل بہلا سکتا ہے، لیکن میں اسے سنجیدہ نہیں لیتا۔
یاد رہے کہ ایلون مسک نے ایک دن قبل امریکا پارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صدر ٹرمپ کی نئی ٹیکس کٹوتی اور اخراجاتی پالیسی کے خلاف میدان میں اتریں گے، کیونکہ یہ بل ملک کو دیوالیہ کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔
مسک نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی آئندہ وسط مدتی انتخابات میں ان ریپبلکن اراکینِ کانگریس کو چیلنج کرے گی جنہوں نے اس پالیسی کی حمایت کی، جسے ٹرمپ نے بڑا، خوبصورت بل قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ ایلون مسک حکومتی اصلاحات اور وفاقی نظام کو مختصر کرنے کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، مگر اب ٹرمپ اور ایلون مسک کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر چکی ہے۔