کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گزشتہ روز منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے 26 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ملبے سے نکالی گئی لاشوں میں 12 مرد، 9 خواتین اور ایک بچے کی لاش شامل ہے۔
ریسکیو آفیسر کا کہنا ہے کہ مزید 3 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے، اب تک 80 فیصد ملبہ ہٹانے کا کام مکمل ہوچکا ہے، آپریشن کے دوران 2 بار بھاری رقوم ملی جو ذمہ داروں کے حوالے کیں۔
ریسکیو آفیسر نے کہا کہ عمارت کے نیچے رکشے پارک کئے جاتے تھے، تقریباً 50 رکشے بھی ملبے تلے دب گئے ہیں۔
دوسری جانب متاثرہ عمارت کے اطراف میں موجود دیگر عمارتوں کو بھی خالی کرا کر پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی تھیں۔