کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایشیا کپ سے قبل اگست میں امارات میں پاکستان ، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تین ملکی سیریز کی تصدیق ہوگئی۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں باہمی سیریز کی بجائے تین ملکی سیریز کھیلنے پر اتفاق کرلیا۔افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میر وائس اشرف نے سیریز کی تصدیق کردی۔میر وائس اشرف نے غیر ملکی میڈیاسے گفتگو میں سیریز کی تصدیق کی ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اگست میں ٹی ٹونٹی سیریز شیڈول ہے، سب سے اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان نے یہ سیریز یو اے ای میں کروانے کی تجویز دی، پاکستان نے تجویز دی کہ دو طرفہ سیریز میں ایک اور ٹیم یو اے ای کو شامل کیا جائے، تین ملکی سیریز سے ایشیا کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی، ہم بھی چاہتے ہیں کہ ایشیا کپ کے لیے بہترین تیاری ہو، انہوں نے کہا کہ سیریز پاکستان میں ہو یا یو اے ای میں اس سے ہمیں فرق نہیں پڑتا، اس آنے والی سہہ ملکی سیریز پر بات چیت ہو رہی ہے۔