ایجبسٹن ، برمنگھم (جنگ نیوز) انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن محمد سراج کی چھ اور آکاش دیپ کی چار وکٹوں نے بھارت کی پوزیشن مضبوط بنادی۔ اسے 244رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ جمعہ کو دن کے اختتام پر بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 64رنز بنائے تھے ۔ جیسوال28رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ قبل ازیں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز 3وکٹوں پر 84رنز سے شروع کی ۔ جو روٹ 22 اور بین اسٹوکس کے پہلی ہی گیند پر صفر پر آئوٹ ہوگئے ۔ ہیری بروک اور جیمی اسمتھ چھٹی وکٹ پر 303 رنز کی شراکت قائم کرکے انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئے ۔ بروک نے 158رنز بنائے، جیمی اسمتھ 184پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پوری ٹیم 407رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح بھارت کو پہلی اننگز میں 180 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔