فلسطینی عہدیدار کا کہنا ہے کہ حماس نے غزہ جنگ بندی تجویز پر اپنا جواب ثالثوں کے حوالے کردیا ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی عہدیدار نے کہا کہ حماس کا جنگ بندی تجویز پر مثبت ردعمل ہے، امید ہے اس سے معاہدے پر پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ فلسطین میں جنگ بندی تجویز پر مشاورت جاری ہے، حتمی مشاورت کے بعدثالثوں کو اپنا فیصلہ پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ میں امن قائم کرنے کیلئے 60 روزہ جنگ بندی کی نئی تجویز پیش کی تھی۔
غزہ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 138 فلسطینی شہید اور 452 زخمی ہوگئے ہیں۔
جنوبی غزہ میں جھڑپ کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے کئی علاقوں سے فلسطینوں کو زبردستی نقل مکانی کرنے کا نیا حکم دیا ہے۔