امریکا نے ایران کی تیل تجارت اور حزب اللّٰہ سے وابستہ مالی ادارے پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق عراقی۔برطانوی شہری سلیم احمد سعید کی زیر نگرانی کمپنیوں کا نیٹ ورک 2020 سے ایرانی تیل کو عراقی تیل کے طور پر ظاہر کرکے اربوں ڈالر کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے بتایا کہ پابندیوں میں سلیم احمد سعید کی یو اے ای میں قائم کمپنی وی ایس ٹینکرز اور متعدد بحری جہاز شامل ہیں جو ایرانی پاسداران انقلاب کی مدد کے لیے استعمال ہوئے۔
اس کے علاوہ حزب اللّٰہ کے مالیاتی ادارے القرض الحسن سے منسلک کئی اعلیٰ عہدیداروں اور اداروں پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ایران کی مالی رسائی کو روکنے اور اس کی غیر مستحکم سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جائے گا۔