افغان شہریوں کو جعلی اسپانسرشپ پر ای ویزوں کے اجرا کا اسکینڈل بےنقاب ہوگیا۔
ترجمان نے کہا کہ ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا جب کہ 2 افغان باشندے موقع پر گرفتار کرلیے۔
جعلی ویزوں کے اجرا میں وزارت خارجہ اور پی آئی ڈی کے اہلکار بھی ملوث نکلے، ایف آئی اے نے کہا کہ 4 کروڑ روپے کی مشکوک رقم بینک اکاؤنٹ میں جمع کی گئی، ویزوں کیلئے جعلی اسپانسرشپ اور شناختی کارڈ استعمال کئے گئے۔
تمام ویزے 24 سے 48 گھنٹوں میں جاری کئےگئے، انٹیلی جنس کو اطلاع نہیں کی گئی، ملزمان جی 8 اسلام آباد میں واقع شو رومز سے نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
افغان باشندوں سے ویزوں کے عوض ہزاروں ڈالر وصول کیے گئے، گرفتار نیٹ ورک سے موبائل فون، جعلی کاغذات اور دیگر ریکارڈ برآمد کرلیا گیا۔
ایف آئی اے نے کہا کہ مزید سرکاری ملازمین کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق گروہ اس دھندے سے ملک کی سالمیت کو بھی خطرے میں ڈال رہا تھا۔