بالی ووڈ موسیقار امال ملک نے انکشاف کیا ہے کہ کارتک آریان کے ساتھ سشانت سنگھ راجپوت جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔
کبیر سنگھ، جے ہو اور بھول بھلیاں 3 سمیت کئی بڑی فلموں کی موسیقی ترتیب دینے والے امال ملک نے فلم انڈسٹری کے تاریک پہلو پر کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔
تازہ انٹرویو میں بھارتی موسیقار نے بالی ووڈ کے تاریک پہلو پر تشویش ظاہر کی اور سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے اثرات بتائے۔
انہوں نے کہا کہ سشانت سنگھ کی طرح کارتک آریان کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش ہورہی ہے، 100 سے زائد لوگ اسے ہٹانا چاہتے ہیں، اداکار کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔
35 سالہ امال ملک نے کہا کہ لوگ بالی ووڈ کی حقیقت کو سمجھ رہے ہیں، یہ اپنی چمک دمک کھو رہی ہے، جذباتی طور پر لوگ انڈسٹری سے دوری بنا رہے ہیں،وہ اسٹار اداکاروں سے فاصلہ رکھتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کا تاریک پہلو یہ ہے کہ اس نے لوگوں کی جانیں لے لی ہیں، یہ سشانت سنگھ کو برداشت نہیں کرسکے، یہ قتل تھا یا خودکشی، حقیقت یہ ہے ایک جان چلی گئی، انڈسٹری کے دماغ اور روح کے ساتھ ایسا کچھ کیا گیا کہ لوگوں کا حوصلہ ٹوٹ گیا۔
بالی ووڈ موسیقار نے مزید کہا کہ میرے غیر فلمی دوست تک بالی ووڈ کو زہریلی جگہ کہنے لگے ہیں، فلم انڈسٹری نے سشانت کی موت کے بعد جو گراوٹ دیکھی، وہ اس کی حقدار تھی۔
امال ملک نے انکشاف کیا کہ اب کارتک آریان بھی سشانت سنگھ جیسے مسائل سے دوچار ہیں، لوگ اُن کے ساتھ براہ راست یا بالواسطہ وہی کچھ کر رہے ہیں، وہ اُسے ہٹانے کی تاک میں ہیں، طاقت سے کھیل کھیل رہے ہیں، جن میں بڑے پروڈیوسرز اور بڑے اداکار شامل ہیں، لیکن کارتک مسائل سے نکل آیا، وہ طریقے سے نبردآزما ہے، اُسے والدین کی حمایت اور رہنمائی حاصل ہے۔
بھارتی موسیقار نے کہا کہ بالی ووڈ میں کبھی لوگوں کے لیے کشش تھی، راجیش کھنہ، امیتابھ بچن، شاہ رخ اور سلمان کا جادو تھا لیکن لوگ اب اس پر یقین نہیں رکھتے، سشانت کی موت کے بعد لوگ سمجھتے ہیں انڈسٹری کے لوگ برے ہیں۔