کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ گورننگ بورڈ نے مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 18 ارب 30 کروڑ روپے کے بجٹ تخمینہ جات کی متفقہ منظوری دے دی۔ جمعرات کو لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 78 واں اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا۔ اجلاس میں کرکٹ کے فروغ کیلئے بہترین کارکردگی دکھانے والے ریجن کی ہر سال بھرپور حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت بہترین پرفارمنس والے ریجن کو ہر سال انعام دیا جائے گا۔ فیصلہ کیا گیا کہ اسٹاف کی کارکردگی کو باقاعدہ مانیٹر کیا جائے گا۔ جبکہ مالی سال 25-2024 کے بجٹ استعمال پر اطمینان کا اظہاراور گزشتہ بورڈ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی نے بجٹ کے اہم خدوخال پر بریفنگ دی۔