بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن 13 اور 2002 کے بالی ووڈ ریمکس گانے ’کانٹا لگا‘ سے شہرت کی بلندیوں کو پہنچنے والی شیفالی جری والا کے شوہر پراگ تیاگی نے اہلیہ کی ان دیکھی تصویر شیئر کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ و ماڈل کی اچانک موت کے تقریباً ایک ہفتے بعد پراگ تیاگی نے تصویری پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
پراگ تیاگی نے اہلیہ کے لیے محبت بھرے الفاظ کا انتخاب کرتے ہوئے لکھا کہ شیفالی میری پری، جو ہمیشہ کانٹا لگا گرل کے نام سے پہچانی جائے گی، جتنی خوبصورتی دکھائی دیتی تھی اس سے زیادہ حقیقت میں خوبصورت تھی، انتہائی اسمارٹ، پُرعزم اور باہمت کیونکہ وہ اس سے کہیں زیادہ تھی جو نظر آتی تھی۔
انہوں نے لکھا کہ شیفالی ایک ایسی عورت تھی جو ارادے کے ساتھ زندگی گزارتی تھی وہ اپنے کریئر، دماغ، جسم اور روح کی مثبت افزائش پر کام کرتی تھیں لیکن اپنے تمام القابات اور کامیابیوں سے بڑھ کر شیفالی ایک بے حد محب انسان تھیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ سب کےلیے ماں جیسی تھیں جو ہمیشہ خود سے زیادہ دوسروں کو ترجیح دیتی تھیں اور اپنی موجودگی سے ہی آس پاس کے لوگوں کو سکون اور ویلکم محسوس کرواتی تھی۔
پراگ تیاگی نے یہ بھی لکھا کہ شیفالی ایک پیاری بیٹی، محبت کرنے والی بیوی اور سمبا کی ایک شاندار ماں تھی وہ مشکل وقت میں لوگوں کے ساتھ کھڑی رہتی تھی۔
انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ شیفالی کو ہر کوئی ایک ایسی شخصیت کے طور پر یاد رکھے جو ہمیشہ خوشیاں بکھیرتی تھیں۔
واضح رہے جی 27 جون کو شیفالی جری والا کی اچانک موت نے ہر ایک کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو دل کا دورہ اینٹجی ایجنگ انجکشنز اور ادویات کے استعمال کے سبب پڑا جبکہ ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنا باقی ہے۔