پاکستان کی سینئر اور ہر دلعزیز اداکارہ صبا فیصل نے حالیہ بیان میں اپنے ساتھی فنکاروں اور شوبز تبصرہ نگاروں پر شدید تنقید کی ہے، خاص طور پر مرینا خان، نادیہ خان، عتیقہ اوڈھو اور مشی خان کو انہوں نے آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔
صبا فیصل نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور نیوز کاسٹر کیا، بعدازاں ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین شخصیات میں شمار ہونے لگیں۔ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک رہتی ہیں، حال ہی میں انہوں نے ایک ویڈیو میں ایسی باتیں کہیں جس پر سوشل میڈیا پر زبردست بحث چھڑ گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آج کل ہر کوئی سوشل میڈیا پر کھل کر بول رہا ہے، جو ایک اچھی بات ہے، لیکن کچھ لوگ حد سے تجاوز کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسے پینل کو دیکھ رہی ہیں، جہاں ایک خاتون جو ہمیشہ اپنی خوبصورتی کے لیے جانی گئیں، ایک خاتون جو بہترین میزبان رہی ہیں اور ایک ہدایتکارہ جو اداکاری میں زیادہ سرگرم نہ تھیں، یہ تینوں بیٹھ کر ایسے اداکاروں پر تنقید کرتی ہیں جو دن رات محنت کرتے ہیں۔
عائزہ خان کا ذکر کرتے ہوئے صبا نے کہا یہ کہنا کہ وہ صرف خوبصورت لگتی ہیں اور اداکاری نہیں آتی، سراسر ناانصافی ہے، انہوں نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ بہترین اداکارہ ہیں۔
انہوں نے مشی خان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر معاملے پر بولتی ہیں، اور اکثر اداکاروں کے بارے میں سخت زبان استعمال کرتی ہیں، یہاں تک کہ حالیہ دنوں میں شفالی جری والا کی موت جیسے حساس معاملے پر بھی بلا جھجھک بول گئیں۔
صبا فیصل کے اس بیان نے انڈسٹری میں جاری تنقیدی رجحان پر ایک نئی بحث چھیڑ دی، ان کا مؤقف یہ ہے کہ تنقید برائے تنقید نہیں ہونی چاہیے اور جب خود وہ افراد اداکاری یا پروڈکشن سے جڑے رہے ہوں، تو انہیں دوسروں کی محنت کی قدر کرنی چاہیے، نہ کہ اسے کمتر سمجھا جائے۔
صبا فیصل کی باتوں پر کچھ صارفین نے ان کی حمایت کی اور کہا کہ سچ بولنے کی ہمت صبا جیسی سینئر ہی دکھا سکتی ہیں، جبکہ کچھ نے اسے غیر ضروری محاذ آرائی قرار دیا۔