کراچی (نیوز ڈیسک) ایران نے جمعرات کو جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) پر کاربند رہنےکا اعلان کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے ساتھ تعاون معطل کرنے کے تہران کے فیصلے پر جرمنی کی تنقید کو “بدنیتی” قرار دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے X پر ایک پوسٹ میں کہا، “ایران NPT اور اس کے سیف گارڈز معاہدے کے لئے پرعزم ہے۔” انہوں نے جرمن وزارت خارجہ کی اس اقدام پر تنقید کرنے والی پوسٹ کے جواب میں مزید کہا، “ایران پر بمباری کے لیے جرمنی کی واضح حمایت نے اس تاثر کو مٹا دیا ہے کہ جرمن حکومت ایرانیوں کے لیے بدنیتی کے سوا کچھ اور رکھتی ہے۔” بدھ کو، ایران نے اسرائیلی اور امریکی حملوں کی مذمت کرنے میں ایجنسی کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے، باضابطہ طور پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ اپنا تعاون معطل کر دیا۔