کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں 3 افراد کی ہلاکت کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں گھر کے باہر سڑک پر جمع افراد کو دیکھا جاسکتا ہے، بات چیت کے دوران اچانک ایک شخص فائرنگ کرتا ہے جس سے بھگدڑ مچ جاتی ہے۔
فائرنگ سے دو افراد موقع پر ہی گرجاتے ہیں جبکہ عقب میں ایک اور شخص کو پکڑ کر لایا جاتا ہے، بیچ سڑک پر اس شخص کو بھی گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جاتا ہے۔
ملزمان نے پورا برسٹ خالی کیا، پھر مرنے والے کا بھی پستول نکال لیا۔ اس پستول سے بھی فائر کیے، پستول کے بٹ بھی مارے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ سسر اور داماد کے درمیان جھگڑے کا نتیجہ تھا۔ پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، دیگر کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں مقتول کے داماد اور دیگر رشتے داروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں پیش آیا تھا۔