TOKYO:
پاکستان اور جاپان کے درمیان 2019 میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت جاپان میں ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کی برآمد کے لیے “اسپیسفائیڈ اسکلڈ ورکرز خا ص مہارت کے افراد)” پروگرام کے تحت جاپانی حکومت نے پہلی مرتبہ پاکستان میں اسکل ایویلیوایشن ٹیسٹ(مہارت جانچنے کا امتحان) منعقد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانے سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ کامیابی ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانے کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس کی بدولت پاکستانی امیدواروں کے لیے یہ مواقع ممکن ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگست اور ستمبر 2025 سے پاکستان میں دو شعبوں نرسنگ اور زرعی مہارت کے جانچ کا ایس ایس ڈبلیو ٹیسٹ منعقد کیے جائیں گے۔
اس سے قبل مارچ 2025 سے آٹوموبائل ٹرانسپورٹیشن ڈرائیورز (ٹرک، بس، ٹیکسی) کے زمرے میں ٹیسٹ شروع کیے جا چکے ہیں۔
اسی طرح پاکستانی امیدواروں کو ان امتحانات میں شرکت کے لیے بیرون ملک سفر جیسے مشکلات کا سامنا تھا لیکن اب پاکستان میں ٹیسٹ کے انعقاد سے یہ عمل مزید جامع، سہل اور قابل رسائی ہوگیا ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جاپانی حکومت نے ایس ایس ڈبلیو پروگرام کے تحت 2029 تک بیرونی ممالک سے افرادی قوت کی بھرتی کے ذریعے نرسنگ کیئر کے 1,35,000 کارکنان، زراعت کے 78,000 کارکنان اور آٹوموبائل ٹرانسپورٹیشن ڈرائیورز میں 24,500 کارکنان کے شعبوں میں اپنی ضروریات پوری کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے ہنر مند نوجوانوں کے لیے جاپان کی روزگار منڈی تک رسائی کا راستہ ہموار کرتی ہے اور بیرون ملک سے رقوم کی ترسیل میں اضافے کا ذریعہ بنے گی۔
سفارت خانہ پاکستان تمام سرکاری و نجی تربیتی اداروں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ جاپانی زبان میں مہارت رکھنے والے ہنر مند افراد کی تیاری کے لیے اقدامات کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدوار ان ٹیسٹوں میں حصہ لے سکیں اور یہ موقع نہ صرف انفرادی ترقی بلکہ قومی معیشت کی بہتری کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔
مزید کہا گیا کہ امتحانات کے شیڈول، درخواست کے طریقہ کار اور تربیتی وسائل سے متعلق مزید معلومات کے لیے امیدوار اور تربیتی ادارے سفارت خانے کے کمیونٹی ویلفیئر وِنگ سے رابطہ کریں یا سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔