لاہور:
واہگہ بارڈر پر منعقد ہونے والی پنجاب رینجرز کی پریڈ کے چرچے خلیجی ممالک کے باشندوں کو بھی متاثر کرنے لگے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کی سیرو تفریح پر آئے سلطنت عمان کے بائیکرز نے واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنےکی تقریب دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تو پنجاب رینجرز نے انہیں اپنا مہمان خاص بنا لیا اور واہگہ بارڈر پر سورج ڈھلتے ہی فضا نعرہ تکبیر، پاکستان زندہ باد اور جوش وجذبے سے گونج اٹھی۔
سلطنت عمان سے آئے بائیکرز کے سات رکنی وفد نے پنجاب رینجرز کی پرجوش اور دل کو گرما دینے والی پریڈ دیکھی۔
پنجاب رینجرز کے شیردل جوانوں کی للکار، گونجتی قدموں کی آواز اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کا عزم دیکھ کر مہمانوں کے چہرے حیرت، جوش اور خوشی سے دمک اٹھے اور اسٹیڈیم کی فضائیں “پاکستان اور عمان زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہیں۔
عمانی بائیکرز پاکستان کے سیاحتی دورے پر ہیں اور واہگہ بارڈر کا یہ دورہ ان کے سفر کا آخری اور یادگار دن ثابت ہوا۔
مہمان بائیکرز نے پہلی بار اس نوعیت کی سرحدی تقریب میں شرکت کی اور پنجاب رینجرز کے پریڈ کرنے کے ولولہ انگیز انداز کو قریب سے دیکھا۔
پاک-بھارت کشیدگی کے باعث اگرچہ دونوں ملکوں کے گیٹ بند رہے مگر رینجرز کے جوانوں کا ولولہ، نظم و ضبط اور حب الوطنی کا مظاہرہ کسی صورت کم نہ تھا اور رینجرز کی جانب سے عمانی وفد کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری سوینئرز پیش کیے گئے، گروپ فوٹو اور سیلفیوں کا تبادلہ ہوا، وفد نے پاکستان کو ایک پرامن، خوبصورت اور مہمان نواز ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی محبت اور خلوص انہیں ہمیشہ یاد رہے گا۔
عمانی بائیکرز نے کہا کہ ان کا دورہ سیاحت، ثقافت اور دوستی کے رشتوں کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے اور ہم رینجرز کی پریڈ کو کبھی نہیں بھولیں گے، یہ وہ الفاظ تھے جو ان کے چہرے کی خوشی کے ساتھ جھلک رہے تھے۔
پنجاب رینجرز کی یہ جذبے سے لبریز پریڈ نہ صرف وطن عزیز کے شہریوں کو بلکہ خلیجی ممالک کے مہمانوں کو بھی متاثر کر گئی ہے، برادر اسلامی ملک سے آئے مہمان جب رینجرز کی صف بندی، پرچم کشائی اور ملی جوش سے لبریز مناظر دیکھ رہے تھے، تو یوں لگا جیسے دو ملکوں کے دل ایک دھڑکن پر ہم آہنگ ہو چکے ہوں۔