غزہ کے شمالی حصے میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوران حماس اور صیہونی فورسز کے مابین شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والا اہلکار 19 سالہ سارجنٹ یانیو میخالووچ تھا۔
زخمیوں میں ایک ٹینک کمانڈر، ایک کمانڈو اور ایک عام سپاہی شامل ہیں، جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
رواں ماہ کے دوران حماس کے ساتھ زمینی لڑائی میں اسرائیل کے ہلاک فوجیوں کی تعداد 21 ہو چکی ہے، جب کہ مجموعی طور پر اکتوبر 2023ء سے اب تک 442 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی حملوں میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 25 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
مزید یہ کہ حماس کی تحویل میں اب بھی تقریباً 50 اسرائیلی یرغمالی موجود ہیں، جن کی زندگی یا موت کی حالت غیر واضح ہے اور تاحال ان کی رہائی کے لیے کوئی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔