پرتگال کی فٹبال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ساتھی کھلاڑی ڈیاگو جوتا کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
پریمیئر لیگ چیمپئن لیورپول اور پرتگال کے نوجوان فارورڈ ڈیاگو جوتا کار حادثے میں انتقال کر گئے۔
28 سالہ فٹبالر کی گاڑی آج صبح شمالی اسپین میں حادثے کا شکار ہوئی، حادثے میں جوتا کا چھوٹا بھائی 26 سالہ آندرے سلوا بھی جان سے گیا۔
اس حوالے سے کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ سب بے معنی لگتا ہے۔ ہم حال ہی میں قومی ٹیم میں ایک ساتھ تھے اور تم نے حال ہی میں شادی کی تھی۔”
کرسٹیانو رونالڈو نے مزید کہا کہ میں تمہارے خاندان، بیوی اور بچوں سے تعزیت کرتا ہوں اور میں ان کے لیے دنیا بھر کی ہمت اور صبر کی دعا کرتا ہوں۔
اسٹار فٹبالر نے اپنے ساتھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تم ہمیشہ ان کے ساتھ رہو گے۔ ڈیاگو اور آندرے، تمہیں سلام، ہم سب تمہیں بہت یاد کریں گے۔
خیال رہے کہ آنجہانی ڈیاگو نے پرتگال کے لیے 49 میچز میں حصہ لیا اور 2019 اور 2025 میں یورپا نیشنز لیگ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔
انہوں نے 14 نومبر 2019 کو لیتھوانیا کے خلاف اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُس میچ میں جوٹا نے دوسرے ہاف میں رونالڈو کی جگہ میدان سنبھالا تھا۔