بیس بال فیڈریشن نے پاکستان بیس بال ٹیم کے پلیئر ایلیکس خان کو قومی انڈر 18بیس بال ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داری بھی سونپ دی۔
بیس بال فیڈریشن آف پاکستان کے صدر فخر شاہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی نژاد پاکستانی ایلیکس خان کو قومی انڈر 18 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
ایلیکس خان پاکستان سینئر بیس بال ٹیم کی جانب سے بطور پچر بھی کھیلتے ہیں، انہوں نے 2022ء کے ورلڈ کلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
فخر شاہ کے مطابق ایلیکس کو ان کے جونیئر بیس بال میں وسیع تجربے کی وجہ سے انڈر 18 کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایلیکس خان اگلے سال شیڈولڈ ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے پاکستانی پلیئرز کو تربیت دیں گے۔
فخر شاہ نے مزید بتایا ہے کہ پاکستان جونیئر بیس بال ٹیم کا تربیتی کیمپ امریکا میں لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مناسب انفرااسٹرکچر نہ ہونے کی وجہ سے کیمپ امریکا میں لگانے کا پلان ہے، انڈر 18 بیس بال ٹیم کے کیمپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا۔