وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق اور پنجاب کی حکومتوں میں شامل ہوسکتی ہے۔
ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں شمولیت کے امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال یہ ان کی سیاسی کیلکولیشن ہے، لیکن اس کا حتمی فیصلہ تو وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری ہی کریں گے۔
اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ قومی ایجنڈا پر مل کر کام کرسکتی ہیں، دونوں جماعتوں میں ارینجمنٹ ہوجاتی ہیں تو یہ اچھا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کیا ہورہا ہے وہ نقشہ نہیں دے سکتا لیکن امکان ہے کہ پی پی حکومت میں شامل ہوجائے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے حکومت میں شمولیت کے حوالے سے رابطے کس قسم کے ہورہے ہیں، مجھے معلوم نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے رابطے کہاں تک پہنچے ہیں نہیں معلوم، میں نے جو کچھ بتایا اپنی سیاسی سمجھ بوجھ کے مطابق بتایا۔
یاد رہے کہ جیو نیوز نے ایک روز پہلے ہی حکومت میں پی پی کی شمولیت کی خبر دی تھی، جس کی پی پی رہنما شرجیل میمن نے تردید کی تھی۔