بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع باڑمیر میں میاں بیوی نے بچوں سمیت پانی کے ٹینک میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاندان نے روز روز کے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر یہ انتہائی اقدام اٹھایا، خودکشی سے قبل ماں نے اپنے بیٹے کو لڑکی کا لباس پہنانے کے بعد اسے تیار بھی کیا تھا۔
پولیس کے مطابق خاندان کی جانب سے منگل کی شام کو خودکشی کی گئی تھی، جن کی لاشیں بدھ کی صبح ان کے گھر سے صرف 20 میٹر کے فاصلے پر بنے ایک پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی ہیں۔
مرنے والوں میں 35 سالہ شوہر شیولال میگھوال، 32 سالہ بیوی کویتا، 9 سالہ بیٹا بج رنگ اور 8 سالہ رام دیو شامل ہیں۔
تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ کویتا نے خودکشی سے پہلے اپنے بیٹے رام دیو کو لڑکیوں کے کپڑے پہنائے، آنکھوں میں کاجل لگایا اور اپنا سونے کا زیور بھی پہنایا۔ اس کے بعد دونوں میاں بیوی نے بچوں سمیت ٹینک میں چھلانگ لگا دی۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے، جو شیولال نے 29 جون کو لکھا تھا۔ اس میں اُس نے اپنی ماں اور چھوٹے بھائی سمیت تین افراد کو اس اقدام کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ جس میں لکھا گیا کہ خاندان میں مشترکہ زمین اور رہائش کے حقوق پر برسوں سے تنازع چل رہا تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور خودکشی نوٹ میں نامزد افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔