کراچی:
مشتبہ پائلٹ لائسنس اسکینڈل اور سابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے خلاف جاری انکوائری کے سلسلے میں ایف آئی اے کراچی میں زیر تفتیش مقدمات کا مکمل ریکارڈ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کی ہدایت پر کراچی سرکل نے تمام متعلقہ ایف آئی آرز، چالان، اور عدالتی کارروائی کی تفصیلات پر مشتمل ریکارڈ اسلام آباد روانہ کیا ہے۔ یہ اقدام وفاقی کابینہ کی ہدایت پر غلام سرور خان کے خلاف انکوائری کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2020 میں غلام سرور خان نے قومی اسمبلی میں بیان دیا تھا کہ 150 پاکستانی پائلٹس نے اپنے لائسنس جعلی طریقے سے حاصل کیے، جس کے بعد قومی ایئر لائن پی آئی اے کو یورپی یونین، امریکہ اور برطانیہ میں اپنی پروازوں کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ بعدازاں، مجموعی طور پر 262 پائلٹس کے لائسنس معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔
اس انکشاف کے بعد نہ صرف پی آئی اے بلکہ دیگر ملکی ایئر لائنز کے پائلٹس بھی عالمی ایوی ایشن اداروں کی نظر میں آ گئے، اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے پاکستانی پائلٹس کو ڈیوٹی سے روک دیا تھا۔
سابق حکومت کے احکامات پر ایف آئی اے نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں متعدد مقدمات درج کیے گئے اور کئی گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔