پاکستان کی 4 رکنی اسنوکر ٹیم 13 سے 24 جولائی 2025ء تک بحرین کے شہر مناما میں ہونے والے آئی بی ایس ایف کے مختلف ورلڈ ایونٹس میں شرکت کریں گے۔
پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے مطابق محمد آصف، شاہد آفتاب، احسن رمضان اور حسنین اختر آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر-17، انڈر-21، ماسٹرز اور سکس ریڈ مینز اسنوکر چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔
3 مرتبہ کے عالمی چیمپئن اور متعدد دیگر بین الاقوامی اور قومی ٹائٹلز جیتنے والے محمد آصف ورلڈ 6 ریڈ اور ماسٹرز ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ان کے ساتھ موجودہ قومی چیمپئن شاہد افتاب بھی ان دونوں ایونٹس کےلیے ایکشن میں ہوں گے۔
نوجوان کھلاڑی احسن رمضان انڈر۔21 ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، احسن رمضان نے 2023ء میں ایران میں ایشین انڈر۔21 اسنوکر چیمپئن شپ جیتی اور 2021ء میں قطر میں آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی۔
2024ء میں سعودی عرب میں ایشین انڈر۔21 اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے حسنین اختر انڈر۔17 اور انڈر۔21 ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نوید کپاڈیا ٹیم کے منیجر اور ریفری کی حیثیت سے ان کے ساتھ ہوں گے۔