امریکی ریاست شکاگو سے خاتون اپر دیر کے نوجوان سے شادی کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔
امریکی خاتون مینڈی اپر دیر کے نوجوان ساجد خان سے ملنے پاکستان آ گئی۔ ساجد خان اور مینڈی کی دوستی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہوئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق دیر اپر کے نوجوان ساجد زیب خان سے شادی کےلیے امریکی خاتون دیر پہنچ چکی ہے، لڑکے نے پولیس کو بتایا کہ انہیں پولیس سیکیورٹی کی ضرورت نہیں، وہ جلد شادی کرنے والے ہیں۔
ساجد زیب کے مطابق امریکی لڑکی مینڈی کے ساتھ اس کا 2 سال قبل پہلا رابطہ فیس بک کے ذریعے ہوا اور اس دوران مینڈی نے مجھے پروپوز کیا تو میں نے ہاں کردی اور ہم دونوں نے اپنے اپنے گھر والوں کو اعتماد میں لیا۔
ساجد زیب کے مطابق اتوار کو مینڈی کا اسلام آباد ائیر پورٹ پر گلدستے کے ساتھ استقبال کیا۔ اسلام آباد سے آبائی گاؤں عشیرئی درہ صدیقہ بانڈہ پہنچنے پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
ساجد کے مطابق مینڈی شکاگو کی رہائشی اور ائیرہوسٹس ہے، اسلامی اصولوں اور مقامی رسم و رواج کے مطابق کل نکاح کریں گے۔
مینڈی نے ساجد کے ساتھ اس کے گھر میں بیٹھ کر ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ پہلی بار پاکستان آئی ہے، یہاں پہنچنے پر معلوم ہوا کہ پاکستان خوبصورت اور پرامن ملک ہے۔