امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ غزہ کی موجودہ صورت حال کی ذمے دار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حماس نے مرنے والے 2 امریکیوں کی باقیات بھی اب تک روکی ہوئی ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے برطانیہ میں اسرائیل مخالف نعرے لگانے والے کو امریکی ویزا نہ دینے کے بارے میں کہا کہ جو غیر ملکی تشدد کی حمایت کرتے ہیں انہیں امریکی ویزا نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ’فری فری فلسطین‘ کے نعرے لگوانے والے برطانوی پاپ سنگر باب وائلن کا ویزا منسوخ کر دیا ہے۔
ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ امریکا نے برطانوی سنگر کے ویزا منسوخی پر ردعمل دیا اور کہا کہ ہم تشدد اور نفرت کی تعریف کرنے والوں کو خوش آمدید نہیں کہتے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق باب وائلن نے گلاسٹنبری میوزک فیسٹیول میں فری فری فلسطین کے نعرے لگوائے تھے۔