احمدپور شرقیہ: احمد پور ایسٹ ٹول پلازہ کے نزدیک طالبات سے بھری ہائی ایس وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہو گئیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی،جب گاڑی میں 18 طالبات سوار تھیں جو امتحان دے کر واپس جا رہی تھیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور طالبات کو وین سے نکالا گیا جب کہ زخمی طالبات کو موٹروے پولیس نے ریسکیو 1122 کی مدد سے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
موٹروے پولیس نے بعد ازاں جائے حادثہ کو محفوظ بناتے ہوئے ٹریفک کی روانی بحال کرائی۔ ترجمان کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔