28 C
Lahore
Wednesday, July 2, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںامریکی بمباری کے باوجود ایرانی جوہری تنصیب پر کام جاری

امریکی بمباری کے باوجود ایرانی جوہری تنصیب پر کام جاری


—تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

امریکا کی جانب سے بمباری کرنے کے باوجود ایران کی جوہری تنصیب پر سرگرمیاں جاری ہیں۔ 

ایران کے فردو جوہری افزودگی مرکز پر حالیہ امریکی فضائی حملے کے باوجود نئی سیٹلائٹ تصاویر سے معلوم ہوا ہے کہ اس مقام پر کام بدستور جاری ہے۔

 میزر ٹیکنالوجیز کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں بمباری سے متاثرہ وینٹی لیشن شافٹس اور ان کے آس پاس سرگرمیوں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکی بمباری کے باوجود ایرانی جوہری تنصیب پر کام جاری

تصاویر میں کھدائی کرنے والی ایک مشین (ایکسکیویٹر) اور متعدد اہلکاروں کو شمالی وینٹی لیشن شافٹ کے داخلی راستے پر موجود دکھایا گیا ہے۔ 

تصاویر کے مطابق ایک کرین بھی شافٹ کے دہانے پر کام کرتے ہوئے دیکھی گئی، جبکہ متعدد گاڑیاں پہاڑی کے نیچے کھڑی ہیں جو اس مقام تک رسائی کے لیے بنائی گئی سڑک پر موجود ہیں۔

امریکی بمباری کے باوجود ایرانی جوہری تنصیب پر کام جاری

واضح رہے کہ ایران اسرائیل جنگ کے دوران امریکہ نے چند روز قبل B-2 بمبار طیاروں کے ذریعے فردو اور نطنز کے حساس جوہری مراکز پر بنکر بسٹر بم گرائے تھے، جبکہ ایک امریکی آبدوز سے داغے گئے ٹوماہاک میزائلوں نے اصفہان میں واقع سائٹ کو نشانہ بنایا تھا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ڈین کین کے مطابق Massive Ordnance Penetrator (MOP) بم فردو کے دو اہم وینٹی لیشن شافٹس کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے گئے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ بموں کو مین شافٹ میں داخل ہو کر ایک ہزار فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے زیر زمین مرکز میں دھماکا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

سابق جوہری انسپکٹر ڈیوڈ آلبرائٹ نے کہا کہ تازہ ترین تصاویر میں ایرانی اہلکار MOP حملوں سے بننے والے گڑھوں کو بھرنے اور نقصان کا جائزہ لینے میں مصروف نظر آتے ہیں، وہ ممکنہ طور پر ریڈیولوجیکل سیمپلنگ (تابکاری کے اثرات کی جانچ) بھی کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے تصدیق کی تھی کہ امریکی حملوں کے باوجود ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر تباہ نہیں ہوا اور تہران چند مہینوں میں دوبارہ یورینیم کی افزودگی شروع کر سکتا ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات