پشاور:
خیبرپختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبے میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا اور ایک خودکش حملہ آور اس کا ہینڈلر کو ہلاک کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی نے بتایا کہ پشاور کے علاقے شمسہ ٹو میں خودکش حملہ آور اور ہینڈلر کو کارروائی کے دوران ہلاک کردیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ اس کارروائی کے ذریعے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا ہے کیونکہ حساس تنصیب پر حملے کی منصوبہ بندی بے نقاب ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ افغانستان سے آیا خودکش بمبار اور فتنہ الخوارج گروہ کے دو دہشت گرد مارے گئے ہیں، ان کے قبضے میں موجود اسلحہ، خودکش جیکٹ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کامیاب انٹیلیجنس آپریشن کیا اور اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سی ٹی ڈی نے کہا کہ کارروائی میں ایس ایم جی، پسٹل اور خودکش جیکٹ برآمد کی گئی، ہلاک دہشت گرد کی شناخت منیر احمد گل کے نام سے ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد خیبرپختونخوا میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔