اسرائیلی افواج نے فلسطینیوں کو فوجی کارروائی میں اضافے سے قبل شمالی غزہ سے انخلاء کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کے مطالبے کے بعد اسرائیل نے غزہ اور جبالیہ کے فلسطینیوں کو جنوب کی طرف المواسی کے ساحلی علاقے کی جانب منتقل ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ میں معاہدہ کریں اور یرغمالیوں کو واپس لائیں۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور حماس کے درمیان معاہدے پر بات چیت ابھی ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سینئر سیکیورٹی اہلکار نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں نئے علاقوں تک جنگ کو پھیلانے سے دیگر اسرائیلی یرغمالیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے مختلف علاقوں سے فلسطینیوں کو خان یونس کے محفوظ علاقوں کی جانب نقل مکانی کی ہدایت دی ہے۔