وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے بجلی بلوں پر الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی ختم کردی، وفاقی حکومت نے الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کے فیصلے سے تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کو آگاہ کر دیا۔
اویس لغاری کا کہنا ہے کہ جولائی 2025 سے بجلی بلوں کے ذریعے صوبائی “الیکٹریسٹی ڈیوٹی” کی وصولی بند ہو گی، بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں، بلوں میں متعدد چارجز اور ڈیوٹیوں سے صارفین الجھن کا شکار ہیں۔
وزیر توانائی نے کہا کہ بل صرف بجلی کے اصل خرچ کو ظاہر کریں، یہی ہمارا ہدف ہے، صوبے متبادل ذرائع سے ڈیوٹی وصولی کے طریقے تجویز کریں، صارفین صرف بجلی کی قیمت ادا کریں، اضافی چارجز کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
وزیر پاور اویس لغاری نے تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ کو الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے سے متعلق خط لکھ دیا، جس میں وفاقی حکومت کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق خط میں وفاقی وزیر نے بجلی کے نرخ کم کرنے کے حکومتی اقدامات بھی اجاگر کیے، خط میں آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی، سرکاری پاور پلانٹس کا ریٹرن آف ایکویٹی کم کرنے کا ذکر کیا گیا ہے۔