بھارتی ریاست تلنگانہ کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے میں 26 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
کیمیکل فیکٹری میں دھماکا ری ایکٹر پھٹنے سے ہوا، دھماکے کے بعد فیکٹری کے کچھ حصے میں آگ بھی لگ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس اور فائر بریگیڈ حکام نے فیکٹری کو گھیرے میں لے لیا ہے اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے کیمیکل فیکٹری میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ حادثے میں پھنسے کسی بھی کارکن کو بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں اور زخمیوں کو بہترین طبی علاج کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
دوسری جانب ریاستی وزیر صحت نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی اور دھماکے کی جگہ پر فوری امدادی اقدامات کو نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس سے پہلے سنگاریڈی میں ایک فارما پلانٹ میں ہونے والے دھماکے میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اسی طرح 2023ء میں کیمیائی ری ایکٹر کے دھماکے میں 3 مزدور جان کی بازی ہار گئے تھے۔