امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ظہران ممدانی نیویارک کے میئر بنے تو نیویارک کو وفاقی فنڈز نہیں دیے جائیں گے۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ظہران ممدانی ایک خالص کمیونسٹ ہے، یہ نیویارک کے لیے بہت برا ہو گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ممدانی جیت گئے اور میں دوبارہ صدر منتخب ہوا تو ظہران ممدانی کو صحیح کام کرنا پڑے گا، ورنہ نیویارک کو کوئی پیسہ نہیں ملے گا۔
خیال رہے کہ نیویارک شہر کے میئر کے انتخاب کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات میں ریاستی اسمبلی کے رکن 33 سالہ ظہران ممدانی نے گزشتہ دنوں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد وہ باقاعدہ ڈیموکریٹ امیدوار منتخب ہو گئے۔
اگر نومبر 2025ء میں وہ کامیاب ہوئے تو نیو یارک کے پہلے مسلمان اور پہلے جنوبی ایشیائی میئر ہوں گے۔
2021ء سے کوئنز کے 36 ویں ڈسٹرکٹ سے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن ممدانی پہلے جنوبی ایشیائی مرد، پہلے یوگنڈن اور تیسرے مسلم رکن ہیں۔
وہ یوگنڈا میں پیداہوئے جبکہ ان کے والد گجراتی مسلمان ہیں۔
ان کی جارحانہ سوشل میڈیا مہم، مختصر وائرل ویڈیوز اور نوجوان ووٹرز کی حمایت نے سیاسی اسٹیبلشمنٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ممدانی نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی کھل کر تنقید کی اور فلسطینی حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے۔