جیف بیزوس اور لورین سانچز کی 55 ملین ڈالر کی شاہانہ شادی کے چرچے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔
دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص جیف بیزوس اور سابق صحافی و میڈیا شخصیت لورین سانچز 27 جون 2025ء کو اٹلی کے تاریخی جزیرے سان جیورجیو ماجیور میں رشتہ ازدواج میں بندھے۔
یہ تقریب تاریخی جزیرے سان جیورجیو ماجیور پر منعقد ہوئی جہاں 200 قریبی مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا اور اس شادی کو دنیا کی مہنگی ترین تقاریب میں شمار کیا جارہا ہے، جس پر تقریباً 55 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 15 ارب پاکستانی روپے) خرچ ہوئے۔
شادی کی سب سے خاص بات دلہن لورین سانچز کا لباس تھا، جسے معروف اطالوی برانڈ ڈولچی اینڈ گبانا نے تیار کیا، یہ لیس سے بنا خصوصی گاؤن سوفیا لورین کے 1950ء کی دہائی کے فلمی انداز سے متاثر تھا، جس کی تیاری میں 900 گھنٹے لگے۔
لباس میں 180 ریشمی بٹن، گھیر دار اسکرٹ اور ایک لمبا ویئل شامل تھا جو شہزادیوں کے تاج کی طرح سر پر سجا تھا، لورین نے Vogue میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے اس لباس کو ایک خواب قرار دیا ہے۔
دولہا جیف بیزوس نے بھی ڈولچی اینڈ گبانا کا کلاسک بلیک ٹکسڈو پہنا اور اپنے مخصوص ایوی ایٹر چشمے لگائے، تقریب میں معروف اطالوی گلوکار ماتیو بوچیلی نے ایلوس پریسلے کا مشہور گانا Can’t Help Falling in Love لائیو گایا۔
شادی میں شرکت کرنے والوں میں کِم کارڈیشین، کائلی جینر، کرس جینر، بل گیٹس، اوپرا ونفری، ایوانکا ٹرمپ، اورلینڈو بلوم اور دیگر کئی عالمی شخصیات شامل تھیں۔
لورین نے تقریب کے بعد 2 مزید ڈیزائنر لباس تبدیل کیے، عشائیے کے لیے فلم Gilda سے متاثرہ سویٹ ہارٹ نیک لائن والا گاؤن پہنا جبکہ پارٹی کے لیے Oscar de la Renta کا دلکش گاؤن زیب تن کیا جس پر 175،000 کرسٹل جڑے تھے۔
یہ دونوں شخصیات کی دوسری شادی ہے بیزوس نے 2023ء میں لورین کو گلابی ہیرا جڑی انگوٹھی سے پرپوز کیا تھا، شادی کے فوراً بعد لورین نے اپنا نام سوشل میڈیا پر تبدیل کر کے Lauren Sánchez Bezos رکھ لیا تھا۔