جنوبی یورپ کے متعدد ممالک میں گرمی کی شدید لہر کے باعث درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق مختلف علاقوں میں ممکنہ طور پر آگ لگنے کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اٹلی، یونان، فرانس، اسپین اور پرتگال میں شدید گرم موسم ہے۔ ہسپانوی شہر سویل میں آج (اتوار) کو درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی افریقہ کی جانب سے آنے والی گرم ہوا کے تھپیڑے بلقان کے سیاحتی مراکز جیسے کروشیاتک پھیل چکے ہیں، جو درجہ حرات میں اضافہ کررہے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے بتایا ہے کہ یورپ میں عموماً ہر سال گرمی کی ایسی لہر آتی ہے تاہم اس مرتبہ یہ زیادہ شدید ہے کیونکہ ایسی گرمی جولائی اور اگست میں آتی ہے۔
موجودہ صورتحال میں اسپین میں ایمرجنسی اسٹاف کو تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ کمزور افراد، بچوں، زائد عمر کے افراد اور خطرناک بیماریوں کے شکار لوگوں کو ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔