نیویارک:
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان آئندہ ماہ (جولائی) کے دوران سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داریاں سنبھالے گا۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں پاکستان کی مجوزہ پروگرام آف ورک پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جس کے تحت عالمی امن و سلامتی کے کئی اہم امور پر سلامتی کونسل کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے واضح کیا کہ پاکستان، سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران شفاف، مشاورتی اور تعمیری سفارت کاری کو فروغ دے گا تاکہ عالمی مسائل کے حل میں مؤثر پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
ملاقات کے دوران عالمی سطح پر جاری بحرانوں، خصوصاً مشرق وسطیٰ کی نازک صورتحال، افریقی و ایشیائی خطوں میں کشیدگی، اور اقوام متحدہ کے امن مشنز کی افادیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے سفیر نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری، پرامن تنازعات کے حل، اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بین الاقوامی چیلنجز کے حل کے لیے کثیرالجہتی تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کی امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان کی آئندہ صدارت نہ صرف عالمی سطح پر اس کی سفارتی سرگرمیوں کو نمایاں کرے گی بلکہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر جنوبی ایشیائی مؤقف کو بھی مزید مؤثر طریقے سے اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔