امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو غزہ میں جنگ ختم کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق غزہ کی جنگ انتہائی تیزی سے دو ہفتوں میں ختم ہونے جا رہی ہے۔
اخبار کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ایران پر امریکی حملے کے بعد ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا اور اس رابطے میں ہی ٹرمپ اور نیتن یاہو غزہ میں جنگ فوری بند کرنے پر متفق ہوئے ہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور مصر غزہ کی پٹی کا مشترکہ انتظام سنبھالیں گے، حماس کو غزہ کی پٹی سے نکالا جائے گا اور تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق غزہ سے نکلنے کے خواہش مند فلسطینیوں کو مختلف ملکوں میں بسایا جائے گا۔
ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا ہے کہ سعودی عرب اور شام اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کریں گے، دیگر عرب اور مسلمان ملک بھی ایسا ہی کریں گے۔
ادھر غزہ پر اسرائیلی حملوں میں صبح سے مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔
مغربی کنارے کے شہر رام اللّٰہ میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء کے بعد اسرائیلی حملوں میں 56 ہزار 259 فلسطینی شہید، 1 لاکھ 32 ہزار 458 زخمی ہو چکے ہیں۔