خواتین کی نازیبا وڈیوز اور تصاویر بناکر بلیک میل کرنے والے 3 بہن بھائی گرفتار کرلیے گئے جب کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) راولپنڈی نے ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فونز سے نازیبا وڈیوز ،تصاویر اور چیٹ بھی برآمد کرلی لیں۔
رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ راولپنڈی میں دو سگی بہنوں اور ایک بھائی پر مشتمل ایسے گروہ کا انکشاف سامنے آیا جس میں بہنیں پہلے سادہ لوح لڑکیوں سے دوستی کرتیں اور پھر اپنے بھائی سے ان کا تعارف کرواتیں اور پھر تینوں مل کر انھیں نفسیاتی جال میں پھانس کر ان کی نجی زندگی کو نشانہ بنانے کے لیے قربت بڑھنے پر غیر اخلاقی نوعیت کی ویڈیوز اور تصاویر خفیہ طور پر تیار کرتے بعد ازاں، مواد کو لیک کرنے کی دھمکی دے کر متاثرہ افراد سے مالی مطالبات کیے جاتے۔
متاثرہ خاتون کی درخواست پرایڈیشنل ڈائریکٹر محمود الحسن ستی کی ہدایت پر سرکل انچارج ندیم احمد خان نے انکوائری مکمل کی اور الزامات درست پائے جانے پر فوری کارروائی کی منظوری دی۔
جس پر ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تینوں بلیک میلر بہن بھائیوں مسماتہ تسمیہ فاروق، مسماتہ سائمہ نرین اور محمد عامر کو گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جدید ڈیجیٹل ذرائع اور انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کے قبضے سے ڈیوائسز کی فارنزک جانچ سے قابل اعتراض ویڈیوز، تصاویر اور چیٹس برآمد ہوئیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے جب کہ دیگر ملزمان کا تعین تفتیش میں سامنے آنے پر کیا جایے گا۔