کیلیفورنیا میں ایک مادہ ریچھ اور اس کا بچہ ایک کیبن میں گھس کر فریج پر دھاوا بولتے ہوئے سیکیورٹی کیمرے میں قید ہو گئے۔
کیلیفورنیا کی ٹاہو جھیل کے کنارے آباد ٹاہو کیز (Tahoe Keys) نامی علاقے کے ایک کیبن میں ریکارڈ کی گئی سیکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ریچھ سامنے کے دروازے سے اندر داخل ہوتے ہیں اور سیدھے کچن کا رخ کرتے ہیں۔
مادہ ریچھ اور اس کے بچے نے فریج کھولا اور کئی منٹ تک اس کے اندر موجود چیزوں کو الٹ پلٹ کرتے رہے اور ڈبوں کو کھولنے کی کوشش کرتے رہے۔
ریچھوں کی اس چوری کے وقت کیبن میں کوئی موجود نہیں تھا۔
اس علاقے کے ریچھ ماضی میں بھی اسی طرح کی وارداتیں کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
اسکاٹ کلاؤٹیئر نامی شخص نے گزشتہ سال ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ریچھ کو ان کے ساؤتھ لیک ٹاہو کیبن کے اندر گھومتے اور فریج سے جیلی کی بوتل نکالتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔