ایک نئی تحقیق کے مطابق خون کا ایک عام ٹیسٹ الزائمر (دماغی کمزور اور انحطاط کی بیماری) کے مریضوں میں اسکی ابتدائی علامات کی نشاندہی کر سکتا ہے، ایسے مریضوں میں دماغی تنزلی کی رفتار کے چار گنا زیادہ تیز ہونے کے امکانات ہوتے ہیں۔
اس ٹیسٹ کو (TyG) ٹرائی گلیسیرائیڈ گلوکوز انڈیکس کا نام دیا گیا ہے، یہ مریض میں انسولین کی مزاحمت کی سطح کا اندازہ لگاتا ہے اور اس کے ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے خطرے کے امکان کے بارے میں بتاتا ہے۔
محققین نے یہ رپورٹ یورپین اکیڈمی آف نیورولوجی کے سالانہ اجلاس میں پیش کی اور کہا کہ یہ ٹیسٹ اس بات کا تعین کرنے میں بھی مدد دے سکتا ہے کہ الزائمر کے نئے تشخیص شدہ مریضوں میں سے کن افراد میں دماغی صلاحیتوں میں تیز رفتار کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔
اس تحقیق کی مرکزی محقق اٹلی کی ڈاکٹر بیانکا گومینا جو کہ اطالوی یونیورسٹی آف بریسیا کے دماغی صحت مرکز کی ریذیڈنٹ نیورولوجی ہیں کا کہنا ہے کہ جب ایک بار ہلکی سی دماغی کمزوری کی بیماری کی تشخیص ہوتی ہے تو فیملیز ہمیشہ یہ پوچھتی ہیں کہ بیماری کتنی تیزی سے آگے بڑھے گی۔
انھوں نے کہا ہمارے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک سادہ میٹابولک مارکر جو کہ ہر اسپتال کی لیبارٹری میں دستیاب ہوتا ہے سے اُن افراد کی نشاندہی ہو سکتی ہے جو زیادہ خطرے میں ہوں تو انھیں ٹارگیٹڈ تھراپی کا امیدوار بنایا جاسکتا ہے۔