قطر نے ایران اسرائیل جنگ اور امریکی حملوں کے باعث پیدا ہونے والی علاقائی کشیدگی کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر نے فوری طور پر ;اپنی فضائی حدود کو غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
علاوہ ازیں قطر نے شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت کے لیے اسکولوں میں چھٹی کا بھی اعلان کیا ہے اور شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں دوبارہ دھمکی دی ہے کہ وہ اپنی جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملوں کا بھرپور جواب دے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قطر میں قائم امریکی اور برطانوی سفارتخانوں نے اپنے شہریوں کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ فی الحال گھروں میں مقیم رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
قطری حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور آئندہ اقدامات کا فیصلہ حالات کے مطابق کیا جائے گا۔
دوسری جانب ایک مغربی سفارتکار نے رائٹرز سے گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ ایران نے قطر میں واقع امریکی فوجی اڈّے “العدید” پر حملے کی قابلِ اعتبار دھمکی دی ہے۔
یاد رہے کہ العدید ایئر بیس مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے، جہاں تقریباً 10,000 امریکی فوجی تعینات ہیں۔
اس اڈے کو خطے میں امریکی عسکری کارروائیوں کا مرکزی مرکز تصور کیا جاتا ہے۔
یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے امریکا کی جانب سے اس کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد شدید ردعمل کی دھمکیاں دی ہیں۔