ایشین نیشنز کپ والی بال کے سیمی فائنل میں پاکستان نے قطر کو آؤٹ کلاس کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
بحرین میں جاری ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے قطر کے خلاف اسٹریٹ سیٹس میں 3-0 سے فتح حاصل کی اور فائنل کےلیے کوالیفائی کر لیا۔
مناما میں جاری ایشین نیشنز کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم قطر کے خلاف شروع ہی سے حاوی رہی، پہلے سیٹ میں پاکستان نے 25-22 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔
دوسرے سیٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور دوسرا سیٹ بھی25-22 سے جیت کر دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔
بیسٹ آف فائیو سیمی فائنل کے تیسرے سیٹ میں بھی پاکستانی ٹیم نے حریف قطر کی ٹیم کو کسی بھی لمحے برتری نہ لینے دی اور تیسرے سیٹ کو ہی فیصلہ کن سیٹ بنا دیا ، پاکستان نے25-21 کی کامیابی کے ساتھ ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
پاکستاں کی جانب سے عثمان فریاد علی اور مراد جہاں نے شاندار کھیل پیش کیا۔
ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کل اپنا پہلا اے وی سی نیشنز کپ ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گی۔